بنگلورو،16؍فروری(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کی طرف سے کسانوں کی حمایت کئے جانے کے بعد اس کی تشہیر کو آگے بڑھانے کے الزام میں بنگلورو کی ایک ماحولیاتی کارکن دیشا روی کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دہلی پولیس نے جس طریقے سے دیشا روی کو گرفتار کیا ہے اس سے صاف ظاہر ہو تا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو کس حد تک خطرہ لاحق ہے۔ دیشا روی کی گرفتاری کی ملک بھر میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہندوستان پر شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس نے دیشا روی کو سیاسی بدنیتی کے تحت گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیشا روی کی گرفتاری نے مودی حکومت کے دور میں ملک کی جمہوریت میں پڑنے والی دراڑوں کو دنیا پر ظاہر کر رہی ہیں۔ انہوں نے دہلی پولیس کے رویے کی مذمت کی اور کہا کہ جو لوگ کسانوں کی حمایت کرتے ہیں حکومت انہیں اب ملک کا غدار قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایک طرف وزیر اعظم مودی یہ کہتے ہیں بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ لیکن کسانوں کی حمایت میں کھڑی ہونے والی بیٹیوں کے ساتھ مودی حکومت کیا کر رہی ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری صرف جمہوریت پر ہی نہیں بلکہ نسوانیت پر بھی ظلم ہے۔